کوئٹہ( این این آئی) ملک میں 8فروری کے عام انتخابات پر اربوں روپے خرچ ہوئے وہاں بلوچستان حکومت نے بھی ایک ارب 45 کروڑ کی رقم انتخابی انتظامات پر خرچ کرڈالی ،سب سے زیادہ 83کروڑ روپے کی رقم انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے فورسز کی تعیناتی کیلئے دی گئی ۔
محکمہ خزانہ ذرائع کے مطابق عام انتخابات کیلئے صوبے میں بنائے گئے پانچ ہزار زائد پولنگ اسٹیشنوں کی مرمت پر بلوچستان حکومت نے 17کروڑ بیس لاکھ روپے خرچ کئے،،صوبے کے حساس پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کی تنصیب پر 44کروڑ روپے کی خطیر رقم کی لاگت آئی،83کروڑ روپے کی رقم انتخابات کے دوران امن وامان برقرار رکھنے کیلئے فورسز کی تعیناتی پر دی گئی ،بلوچستان نے الیکشن سے ایک روز قبل خانوزئی اور قلعہ سیف اللہ میں ہونے والے دھماکوں کے بعد سول ہسپتال کوئٹہ کے ٹراما سنٹر کو اسی لاکھ روپے کی اضافی گرانٹ بھی جاری کی گئی ۔