لاہور( این این آئی)نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے دوسرے روز بھی ملاقات کر کے پنجاب کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی نامزد وزیر اعلیٰ سے ملاقات کر کے انہیں پنجاب میں امن و امان کی صورتحال اور محکمے کے امور کے حوالے سے آگاہ کیا ۔بتایا گیا ہے کہ جاتی امراء رائے ونڈ میں چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے نامزد وزیر اعلیٰ مریم نواز کو صوبے میں جاری ترقیاتی کاموں اور امن و امان کی صورتحال پر بریفنگ دی، سیکرٹری صحت پنجاب علی جان بھی چیف سیکرٹری پنجاب کے ہمراہ ملاقات میں شریک تھے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کی نامزد امیدوار مریم نواز سے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے بھی ملاقات کر کے صوبے میں امن و امان بارے بریفنگ دی ۔ذرائع کے مطابق مریم نواز نے پولیس اہلکاروں کی تنخواہوں، تھانوں کی ظاہری صورتحال اور پولیس اہلکاروں کے مورال بارے تفصیلات حاصل کیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ تھانہ کلچر اور عوام میں پولیس کے رویے کے حوالے سے پائی جانے والی سوچ کی تبدیلی بارے اصلاحات نا گزیر ہیں۔
ذرائع کے مطابق مریم نواز نے ملک بھر میں تعینات اچھی شہرت کے حامل افسروں کی فہرستیں بھی طلب کر لیں۔ آئی جی پنجاب نے اب تک کئی گئی اصلاحات خصوصاً ماڈل تھانوں کے قیام، پولیس نظام کو ڈیجیٹیلائز کرنے کے حوالے سے بریفنگ دی۔ مریم نواز نے کہا کہ پولیس میں سفارشی کلچر کا خاتمہ کر کے پولیس کو مکمل غیر سیاسی بنایا جائے گا۔ مریم نواز نے عندیہ دیا کہ اعلی پولیس افسران کے خود انٹرویوز کر کے ان کی تعیناتیوں کی منظوری دی جائے گی۔یاد رہے کہ بدھ کے روز چیف سیکرٹری پنجاب نے بھی مریم نواز سے ملاقات کر کے انہیں بریفنگ دی تھی۔