سکھر (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ نواز شریف وزیراعظم کے بجائے صدر بنیں وہ سینئر آدمی ہیں۔پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کے امیدواروں کو کسی پارٹی میں جانا پڑے گا ورنہ حیثیت نہیں ہوگی، سیاست میں ہر چیز ہوسکتی ہے کوئی چیز حرف آخر نہیں ہوتی، ہو سکتا ہے ہم ان سب کو لے کر کسی بہتر راستے پر چل پڑیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ نشستیں پوری نہ ہوں تو حکومت، وزیراعظم کی باتیں نہیں کی جاتیں، مسلم لیگ ن کے پاس 72 اور ہمارے پاس 52نشستیں ہیں، چاہتے ہیں کسی کے ساتھ الائنس بنے بھی تو کم پارٹیاں شامل ہوں۔
انہوںنے کہا کہ سب سے پہلے تو پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ کیا کرینگے، حکومت کیلئے جتنی زیادہ پارٹیاں ہوں گی اتنے زیادہ مسائل ہونگے اگر اتحاد بنا کر حکومت بنائی جائے تو ہر چیز کو برابری کی بنیاد پر تقسیم کیا جائے۔پی پی رہنما نے کہا کہ سکھر کی حد تک تو الیکشن شفاف ہوئے مگر دیگر صوبوں سے شکایت آرہی ہیں، میں کہہ رہا ہوں انتخابات کو متنازع نہ بنایا جائے، اس وقت پارٹیوں کیلئے نہیں بلکہ پاکستان کے لئے سوچا جائے، ریاست پاکستان کے لیے سوچیں گے سب کا مسئلہ حل ہو جائے گا۔