اسلام آباد (این این آئی)امریکا، برطانیہ، یورپی یونین کے بعد اب آسٹریلیا نے بھی پاکستان میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات پر سوالات اٹھا دئیے۔آسٹریلین حکومت کی جانب سے بیان میں پاکستان میں بعض سیاسی جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکنے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام کے انتخاب کے فیصلے پر پابندی لگائی جارہی ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ آسٹریلیا ایک جمہوری، مستحکم اور خوشحال پاکستان کی حمایت کرتا ہے جو انسانی حقوق، میڈیا کی آزادیوں، آزادی اظہار رائے سمیت جمہوری اصولوں کے وعدوں کو برقرار رکھتا ہے۔پاکستان میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے آسٹرلین حکومت کا ردعمل ٹوئٹر پر شیئر کیا۔بیان میں کہا گیا کہ آسٹریلیا نے پاکستان کے آئین کے مطابق آزاد، منصفانہ، جامع اور قابل اعتماد انتخابی عمل کا مطالبہ کیا ہے۔اس کے علاوہ آسٹریلیا نے عام انتخابات کے دوران ملک میں ہونے والے پرتشدد واقعات اور حملوں پر بھی مذمت کی۔