سیالکوٹ (این این آئی)سیالکوٹ کے حلقہ این اے 71 سے آزاد امیدوار ریحانہ ڈار نے رہنما مسلم لیگ (ن) خواجہ آصف کی انتخابی کامیابی کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔تفصیلات کے مطابق عدالت میں خواجہ آصف کی کامیابی کے فارم 47 کا نتیجہ چیلنج کیا گیا ہے، آزاد امیدوار کی جانب سے دائر درخواست میں ریٹرننگ افسر، الیکشن کمیشن، خواجہ آصف سمیت دیگر فریق کو نامزد کیا ہے۔
ریحانہ ڈار نے مؤقف اپنایا کہ خواجہ آصف فارم 45 کے مطابق ہار چکے تھے مگر خواجہ آصف نے مبینہ ملی بھگت سے فارم 47 میں خود کو فاتح قرار دلوایا، فارم 45 کے نتائج ہمارے پاس موجود ہیں تاہم فارم 47 میں نتیجہ تبدیل کردیا گیا۔درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت فارم 45 کے مطابق نتائج جاری کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کو حتمی نتیجہ جاری کرنے سے روکنے کا حکم دے۔کہا گیا کہ عدالت دوبارہ گنتی کا حکم دے کر فارم 47 کا نتیجہ کالعدم قرار دے۔