اسلام آباد (این این آئی)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) زونل آفس لاہور نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم سرکل کے ساتھ مل کر شرق پورمیں واقع بی آئی ایس پی کے آؤٹ لیٹ پر کامیاب چھاپہ مارا۔ یہ آؤٹ لیٹ غیر قانونی طور پر سموں کی ایکٹیویشن میں ملوث پایا گیا تھا۔چھاپے کے دوران 28 فعال سمیں برآمد کر لی گئیں۔ ایف آئی اے کی ٹیم نے ثبوت کے طور پر 01 ایچ بی ایل کنیکٹ ڈیوائس کے ساتھ ان فعال سموں کو قبضے میں لے لیا جبکہ اس موقع پر 01 شخص کو بھی زیر حراست میں لے لیا۔
ایف آئی اے اس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔ پی ٹی اے نے اس سے قبل سیل چینل کی جانب سے سموں کے غیر قانونی اجراء سے متعلق معلومات کی بنیاد پر ایف آئی اے کو شکایت درج کرائی تھی۔یہ چھاپے ملٹی فنگر بائیو میٹرک ویری فکیشن سسٹم (ایم بی وی ایس) کے حوالے سے پی ٹی اے کی جاری کوششوں کا حصہ ہیں، ان اقدامات سے سموں کے غیر قانونی اجراء کے خاتمے کے ضمن میں اتھارٹی کا عزم ظاہر ہوتا ہے۔