اسلام آباد(این این آئی)پی ٹی آئی نے انتخابی نتائج میں تبدیلی کیلئے خفیہ سافٹ ویئر کی تیاری کا الزام لگادیا۔ترجمان پی ٹی آئی نے ایک بیان میں کہا کہ نتائج میں ردوبدل کیلئے خفیہ سافٹ ویئر کی تیاری کی خبریں سامنے آرہی ہیں۔ترجمان نے کہا کہ ووٹ کی حرمت پامال کرنا ملک کیلئے تباہ کن ثابت ہوگا، منصوبہ ساز ووٹرز کو نشانہ بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔
پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ تحریک انصاف کی ویب سائٹ بند کرکے عوام کو معلومات سے روکا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ انتخابی نتائج سے چھیڑ چھاڑ انتخابات کی ساکھ کو خاک میں ملا دے گا۔ترجمان نے کہاکہ عوام تحریک انصاف کو سیاست و حکومت کی قیادت سونپنے کیلئے پرعزم ہیں۔انہوںنے کہاکہ اکبر ایس بابر کو ریاستی پشت پناہی سے پی ٹی آئی میں داخل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، بتایا جائے کہ وہ کس کے اشاروں پر شر اور شرارت کررہے ہیں؟۔