لاہور (این این آئی)صوبے پنجاب میں خطرناک نمونیا مزید 13 بچوں کی زندگیاں نگل گیا۔میڈیا کے مطابق پنجاب میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران نمونیا کے 1122 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں 24 گھنٹے کے دوران نمونیا سے ایک بچہ جاں بحق ہوا ،لاہور میں ایک روز کے دوران 280 نئے کیسز سامنے آئے۔پنجاب میں نمونیا سے اموات کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، تین روز کے درمیان 39 بچے جان کی بازی ہار گئے ہیں، 24 جنوری کو 14 بچے، 25 جنوری کو 12 اور نمونیا سے مزید 14 بچے جان کی بازی ہار گئے۔
پنجاب میں رواں سال نمونیا سے 233 اموات اور 12 ہزار 719 کیسز سامنے آئے جبکہ لاہور میں رواں سال نمونیا سے 49 اموت اور 2 ہزار 101 کیسز رپورٹ ہوئے۔ماہرینِ صحت کے مطابق پنجاب میں نمونیا کے بڑھتے ہوئے کیسز کی بڑی وجہ رواں سال موسمِ سرما میں فضائی آلودگی کی وجہ سے پیدا ہونے والی اسموگ بھی ہے۔نمونیا پھیپھڑوں کے اندر انفیکشن کو کہا جاتا ہے، نمونیا کے زیادہ تر کیس وائرس کی وجہ سے ہوتے ہں اور یہ نزلہ و زکام کی علامات کے بعد ظاہر ہو سکتا ہے۔نمونیا ہلکا یا سنگین ہو سکتا ہے، عام طور پر 5 سال یا اس سے کم عمر کے بچوں میں زیادہ عام ہوتا ہے۔