کراچی(این این آئی)سندھ ہائی کورٹ نے عوامی مقامات پر بل بورڈز ، ہورڈنگز اور سائن بورڈز لگانے کے کیس کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔جمعہ کو جاری حکم نامے میں سندھ ہائی کورٹ نے سرکاری املاک پر سیاسی جھنڈے ، بینرز اور پوسٹرز لگانے والوں کے خلاف فوری مقدمہ درج کرنے کا حکم دیاہے۔
عدالت نے کہا کہ پوسٹرز ، بینرز آویزاں کرنے والے سیاسی رہنمائوں اور متعلقہ جماعت کے صوبائی صدر کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے اور میئر کراچی، کمشنر، تمام ٹائون اور کنٹونمنٹ بورڈز کو عوامی مقامات/سرکاری املاک سے تمام بورڈز ہٹانے کا حکم دیا۔عدالت نے کہاکہ جس پروڈکٹ کا اشتہار ہو اس کمپنی کے سی ای او کے خلاف بھی مقدمہ درج کیا جائے۔تحریری حکم نامے میں کے ایم سی اور تمام کنٹونمنٹ بورڈز کو اشتہارات کے تمام ٹھیکوں کی تفصیلات بھی پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔عدالت نے کہا کہ شہر بھر میں بھرپور ایکشن لیا جائے، تمام ادارے 29 جنوری تک عمل درآمد رپورٹ پیش کریں۔حکم نامے میں عدالت کے فیصلے کی نقل الیکشن کمیشن کو بھی فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔