لاہور (این این آئی) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمٰن نے آئین کے آرٹیکل 128 کی شق (01) کے تحت سرکاری ملازمین ترمیمی آرڈیننس جاری کردیا۔ ترمیمی آرڈیننس میں سرکاری ملازمین کی پینشن سے متعلق شق میں ترمیم کی گئی ہے۔
آرڈیننس کے تحت کنٹریبیوشن پنشن سکیم کے تحت حکومت اور سرکاری ملازم دونوں پنشن اکاؤنٹ میں حصہ ڈالیں گے، یہ رقم پنشن فنڈ میں سرکاری ملازم کی ریٹائرمنٹ تک انویسٹ کی جائیگی۔ ریٹائرمنٹ پر پنشن فنڈ میں جمع کی گئی رقم کو دوبارہ انویسٹ کرکے سرکاری ملازم کی ماہانہ پنشن کی ادائیگی کی جائیگی، متعین کردہ کنٹریبیوشن پنشن سکیم کا اطلاق آرڈیننس کی جاری کردہ تاریخ یا اس کے بعد بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین پر ہوگا۔