حیدرآباد(این این آئی)حیدرآباد میں احتجاج کے دوران خاتون نے ایس ایچ او کینٹ کو تھپڑ مار دیا۔تفصیلات کے مطابق حیدرآباد کے علاقے صدر کے رہائشی عبداللہ مغل نامی شخص نے گھر پر قبضے کے خلاف بیوی اور بچوں کے ساتھ پریس کلب پر احتجاج کیا۔احتجاج کے دوران شہری اور اس کی بیوی نے روڈ بلاک کرکے نعرے لگائے۔جب ایس ایچ او کینٹ رزاق کمانڈو مذاکرات کے لیے پہنچے تو خاتون نے انہیں تھپڑ مار دیا، پولیس نے خاتون اور اس کے شوہر کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
شہریوں نے حراست میں لینے پر خاتون کو چھڑوانے کی کوشش کی تاہم پولیس اہلکار میاں بیوی کو تھانے لے گئے۔ذرائع نے بتایاکہ پولیس حکام کی جانب سے احکامات جاری کرنے کے بعد واقعے کا مقدمہ درج کیا جائے گا۔بعدازاں ایس ایچ او نے بتایا کہ عبداللہ مغل کی پہلی بیوی حمیدہ نے خاتون پر تشدد کا مقدمہ درج کروایا، پہلی بیوی جس مکان میں رہائش پذیر ہے اس پر ملکیت کا دعوی کررہی ہے۔پولیس کے مطابق عبداللہ مغل کی پہلی بیوی حمیدہ شہوانی کے پاس ملکیت کے دستاویزات موجود ہیں، شہری کی دوسری بیوی نے کل پہلی اہلیہ کو تھپڑ مارے تھے۔ایس ایچ اونے کہا کہ خاتون نے مجھ پر ہاتھ اٹھائے اس کے باوجود میں نے تحمل سے کام لیا۔