کولمبو(این این آئی)حارث رئوف کے بعد قومی ٹیم کے سٹار فاسٹ بولر نسیم شاہ بھی کولمبو میں بھارت کیخلاف جاری سپر 4مقابلے میں انجری کا شکار ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپنے آخری اوور کی دوسری گیند کرنے کے بعد وہ اپنی کلائی پکڑے میدان سے باہر چلے گئے۔نسیم اوورز اپنا پورا کوٹہ مکمل نہیں کر سکے اور افتخار احمد کو 49واں اوور مکمل کرنے کیلئے بقیہ چار گیندیں کرانا پڑیں۔نسیم شاہ نے بغیر کوئی وکٹ لیے 9.4اوورز میں 53رنز دیئے۔یاد رہے کہ حارث رئوف بولر انجری کے باعث ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت کے خلاف میچ کے دوران بولنگ نہیں کروائیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ فاسٹ بولر حارث رئوف ان فٹ ہو گئے ہیں لہٰذا وہ بھارت کے خلاف میچ میں بولنگ نہیں کریں گے۔ٹیم مینجمنٹ کے مطابق حارث رئوف کی بیک سائیڈ میں پسلیوں میں تکلیف ہے، حارث رئوف احتیاطی طور پر بولنگ نہیں کریں گے۔پی سی بی کے مطابق حارث رف کی ایم آر آئی بھی کرائی گئی ہے تاہم ایم آر آئی میں کوئی ٹئیر نہیں پایا گیا، ٹیم میڈیکل پینل حارث رئوف کا مسلسل معائنہ کر رہا ہے۔