لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک /این این آئی)پاکستان نے ورلڈکپ وارم اَپ میچ میں افغانستان کے خلاف میچ پر اعتراض اٹھادیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اس سال ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں افغانستان کے خلاف رکھا گیا مجوزہ وارم اپ میچ تبدیل کرنے کی درخواست کردی۔
پی سی بی کے ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئی سی سی کو اپنے مجوزہ فیڈ بیک میں ورلڈ کپ سے قبل وارم اپ میچز میں سے ایک میچ میں ٹیم تبدیل کرنے کو کہا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ پاکستان نے کہا ہے کہ وارم اپ کیلئے افغانستان کے بجائے کسی غیر ایشین حریف سے میچ رکھ دیا جائے تاکہ پاکستان کیلئے مفید ثابت ہوسکے۔پی سی بی نے اس سلسلے میں یہ جواز پیش کیا ہے کہ ورلڈ کپ سے قبل ہونے والے ایشیا کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم افغانستان سے مقابلہ کرچکی ہوگی اس لیے دوبارہ وارم اپ میچ میں بھی کھیلنا زیادہ مفید نہیں ہوگا لہٰذا غیر ایشیائی ٹیم سے میچ کرادیا جائے۔خیال رہے کہ رواں سال ورلڈکپ بھارت میں کھیلا جائے گا۔