اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے بھارت کو ایک بار پھر پاکستان میں کرکٹ کھیلنے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کو ضد چھوڑ کر اب کرکٹ کھیلنی چاہیے ، بھارت پاکستان نہیں آئیگا تو پھر پاکستان بھی نیوٹرل مقام پر ہی کرکٹ کھیلے گا
پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی تحلیل ہوچکی ، امید ہے چیئرمین کرکٹ بورڈ کا الیکشن جلد ہوجائیگا۔ اسلام آباد میں سابق وزیراعظم محترمہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ کی تقریب کے موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے نامزد چیئرمین ذکا اشرف کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسان مزاری نے کہا کہ بھارت کرکٹ کو سیاست کے طور پر استعمال کرتا ہے ،فٹبال ہاکی کی ٹیمیں دورہ کر سکتی ہیں تو کر کٹ کی کیوں نہیں۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان اور انڈیا کے کرکٹ میچز ضرور ہونے چاہیے ،بھارت کو پاکستان آکر کرکٹ کھیلنی چاہیے، اگر بھارت نیو ٹرل وینیو پر کھیلے گا تو پاکستان بھی نیو ٹرل وینیو پر کرکٹ کھیلے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پی سی بی مینیجمنٹ کمیٹی کی مدت 19 جون کی رات ختم ہو چکی ہے، مینیجمنٹ کمیٹی مزید کام نہیں کر سکتی نہ ہی ان کے فیصلوں کی کوئی حیثیت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی خواہش تھی شرکاء اشرف کو چیئر مین کرکٹ بورڈ نامزد کیا جائے جس پر وزیراعظم شہباز شریف نے ذکا اشرف کا نام تجویز کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی سی بی کا اختیاراب الیکشن کمشنر کے پاس ہے ، کوشش ہوگی کہ عید سے قبل پی سی بی سے متعلق الیکشن کرا دیں گے ، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوے پی سی بی کے نامزد چیئرمین ذکا اشرف نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف، پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور وفاقی وزیر احسان مزاری کے اعتماد کرنے پر انکا مشکور ہوں
ایشیاء کپ اور ورلڈ کپ آرہا ہے اسکی تیاری کرنی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وہ پہلے دن سے ہی ہائبرڈ ماڈل کے مخالف ہیں جب ایشین کرکٹ بورڈ نے ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کو دی تھی تو ایشیا کپ مکمل پاکستان میں ہوناچاہیے تھا۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی کیخلاف بات نہیں کروں گا۔
کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمینوں کی میں عزت کرتاہوں۔ اسلام آباد میں کرکٹ اسٹیڈیئم کی تعمیر کا منصوبہ تھا ،بد قسمتی سے منصوبہ آگے نہ بڑھ سکا ،ملک بھر سے ٹیلنٹ آگے آرہا ہے۔