اسلام آباد (این این آئی)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین کیلئے ذکاء اشرف اور مصطفیٰ رمدے کو نامزد کر دیا گیا۔وزیرِ اعظم نے پی سی بی کے بورڈ آف گورنرز کے نئے ممبران کی منظوری دے دی۔شہباز شریف نے وفاقی وزیر احسان مزاری کے نامزد کردہ ذکاء اشرف کا نام تجویز کر دیا۔
مصطفی رمدے کا نام پی سی بی کے گورننگ بورڈ کے لیے تجویز کیا گیا ہے۔وزیر اعظم نے سمری منظوری کے بعد وزارت بین الصوبائی رابطہ کو بھجوا دی۔شہباز شریف کے دو ناموں کے ساتھ بورڈ آف گورنرز کی تعداد 10 ہو گئی۔ذرائع کے مطابق 4 ڈپارٹمنٹ اور 4 ایسوسی ایشن کے ممبران بورڈ آف گورنرز میں شامل ہوں گے۔چیف الیکشن کمشنر چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کا شیڈول جاری کریں گے، رواں ہفتے ہی چیئرمین پی سی بی کا الیکشن ہونے کا امکان ہے۔ذرائع نے کہا کہ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی کا 21 جون کو وقت ختم ہو جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی چیئرمین کرکٹ بورڈ کی دوڑ سے باہر ہوگئے ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نجم سیٹھی نے کہا کہ میں شہباز شریف اور آصف زرداری کے درمیان تنازع کا سبب نہیں بننا چاہتا۔