لاہور ( این این آئی) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو پولیس نے لاہور کے مین لبرٹی چوک پر قانون کی خلاف ورزی کے جرم میں روک لیا۔
بابر اعظم اپنی لگژری گاڑی میں لاہور کے لبرٹی چوک سے گزر رہے تھے کہ ایکسائز پولیس نے کرکٹ ٹیم کے کپتان کو روکا، پولیس نے بابر اعظم کو گاڑی کی نمبر پلیٹ کے فونٹ سائز اسٹینڈرڈ سائز سے کم ہونے پر روکا۔پولیس افسر کے روکنے پر بابراعظم کی جانب سے مکمل تعاون کا اظہار کیا گیا اور کپتان کو گاڑی کی نمبر پلیٹ تبدیل کرنے کی ہدایت کی گئی۔اس کے علاوہ معمول کے مطابق پولیس کی جانب سے گاڑی کے کاغذ سمیت دیگر ضروری دستاویزات کے حوالے سے بھی پوچھ گچھ کی گئی۔سوشل میڈیا پر کپتان کی گاڑی کی تصویر بھی وائرل ہورہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی کی نمبر پلیٹ پر نمبر تو موجود ہے لیکن فونٹ سائز چھوٹا ہونے کی وجہ سے اس پر کیا لکھا ہے وہ واضح نہیں ہورہا۔اسی کے ساتھ بابراعظم کی جانب سے پولیس افسر کے ساتھ سیلفی بھی لی گئی جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔