نیویارک (این این آئی)سابق امریکی کک باکسر اینڈریو ٹیٹ نے سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر اپنے ردِعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ ایسا لگتا ہے کہ پاکستان میں ایک اچھا اور ایماندار عدالتی نظام موجود ہے۔ اینڈریو ٹیٹ نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی گرفتاری کو پاکستان سپریم کورٹ کی جانب سے غیر قانونی قرار دے کر ان کی فوری رہائی کا حکم جاری ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔اْنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ایسا لگتا ہے کہ پاکستان میں ایک اچھا اور ایماندار عدالتی نظام موجود ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز عدالت عظمیٰ نے قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم جاری کیا تھا۔