اسلام آباد( نیوز ڈیسک) آج اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی پر رینجرز نے سابق وزیراعظم کو حراست میں لیا۔ عمران خان کو اسلام آباد ہائیکورٹ احاطے سے گرفتار کیا گیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں سابق وزیراعظم کو گرفتار کیا،عمران خان کی گرفتاری کے دوران وکلا اور پولیس میں بھی ہاتھا پائی ہوئی۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی گرفتاری ہر برہم ہو گئے۔
جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ ہائیکورٹ کی حدود کے اندر سے عمران خان کو گرفتار کیا گیا،گرفتاری کے دوران اسلام آباد ہائیکورٹ کے شیشے بھی توڑے گئے۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس نے عمران خان کی گرفتاری کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد اور سیکرٹری داخلہ کو 15 منٹ میں طلب کر لیا۔ایڈیشل اٹارنی جنرل کو بھی 15 منٹ میں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہدایات لے کر فورا بتائیں یہ کام کس نے کیا۔کارروائی کرنا پڑی تو وزیراعظم اور وزراء کے خلاف بھی ہو گی۔