لاہور ( این این آئی) سربراہ عوامی مسلم لیگ و سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عدلیہ، آئین اور قانون کی فتح ہو گی، جو بھی عدلیہ سے ٹکرائے گا پاش پاش ہو جائے گا۔انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا کہ جو حکومت منی بل منظور نہیں کراسکی وہ حکومت ختم ہوچکی ہے۔
آرٹیکل 91کلاز 7کے تحت صدر حکومت کو فوری اعتماد کا ووٹ لینے کا کہیں، عدلیہ،آئین اورقانون کی فتح ہوگی، جو بھی عدلیہ سے ٹکرائیگا پاش پاش ہوجائے گا۔شیخ رشید نے کہا کہ مریم صاحبہ اکیلی پاکستان واپس آرہی ہیں،نوازشریف لندن چلے جائیں گے، الیکشن سارے ہونے ہیں یا پنجاب کے،ہوکر رہیں گے، سماجی اقتصادی اور سیاسی تباہی کا حل صرف الیکشن میں ہے، الیکشن ہوں گے تو امداد بھی مل جائے گی۔سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اسحاق ڈار ہمیشہ غلط اعدادوشمار پہنچا کر آئی ایم ایف کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش کرتے ہیں، اس بار اعدادوشمار کی ٹمپرنگ میں رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ہیں، آڈیو،ویڈیو ٹیپنگ سے حکومت خود بے نقاب ہورہی ہے، سپریم کورٹ رولز اینڈپروسیجربل پر پہلے ہی سٹے آرڈر دے چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے الیکشن فنڈ جاری نہ کرکے آئین شکنی کی ،وہ سیاسی قربانی کا بہانہ تلاش کررہے ہیں، مہنگائی اور غربت کے ہاتھوں اپریل کے مہینے میں 40سے زائد آدمیوں نے ٹھٹھہ کی ساحلی پٹی میں خودکشی کی۔