اسلام آباد(نیوزڈیسک) ) اسلام ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کی دو نیب ریفرنسز میں بریت کیخلاف دائر کیس میں تمام دستاویزات طلب کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ گزشتہ روز جسٹس نور الحق این قریشی اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل دو رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی ۔ نیب کے پراسکیوٹر چوہدری ریاض نے عدالت میں پیش ہوکر بتایا کہ آصف زرداری کیخلاف ٹرائل کورٹ میں ثبوت اور گواہ پیش نہیں ہوئے احتساب بیورو کے سابق جوائنٹ سیکرٹری حسن وسیم افضل کوشش کے باوجود گواہی کیلئے پیش نہیں ہوسکے اس پر عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ٹرائل کورٹ کے دوران آپ کے پاس موقع تھا آپ ثبوت پیش کرتے اور جو گواہ پیش نہیں ہوا اس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے بعد ازاں عدالت نے کیس سے متعلق تمام دستاویزات طلب کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت دو ہفتوں کیلئے ملتوی کردی ۔ واضح رہے کہ احتساب عدالت نے اے آر وائے گولڈ اور ارسس ٹریکٹر ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے بریت کی درخواست منظور کی تھی