کراچی(این این آئی) ڈاکٹر کی سپاری لینے والے 2 ٹارگٹ کلرز کے اہم انکشافات سامنے آگئے ، ملزمان نے بتایا اسلحے کا بندوبست سپاری دینے والے ملزم امان نے کیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی ایسٹ پولیس کے ہاتھوں گرفتار 2 ٹارگٹ کلرز نے دوران تفتیش اہم انکشافات کئے،
ملزمان کی شناختی دستاویز اور تصاویر بھی سامنے آگئی ہیں۔ملزمان نے انکشاف کیا کہ ایک ڈاکٹر کو قتل کرنے کیلئے اسلحہ بنارس پل کے نیچے فراہم کیا گیا، اسلحے کا بندوبست سپاری دینے والے ملزم امان نے کیا۔تفتیشی حکام نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں شامل صغیر رکشہ ڈرائیور نکلا، دبئی میں موجود امان اور رکشہ ڈرائیور صغیر کی ملاقات 2017 میں ہوئی، اسلحہ اور ریکی کیلئے دونوں ملزمان نے رکشہ استعمال کیا۔حکام کے مطابق ڈاکٹر کوقتل کرنے کیلئے امان نے مرسلین کو صغیر سے ملوایا، مرسلین باجوڑ ایجنسی جبکہ صغیر ماڑی پور کارہائشی ہے۔یاد رہے دو روز قبل کراچی میں ڈسٹرکٹ ایسٹ گلستان جوہر پولیس نے وفاقی حساس ادارے کے ہمراہ کامران چورنگی پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے کراچی میں بڑے ڈاکٹر کی سپاری لینے والے دو ٹارگٹ کلرزکو گرفتار کیا تھا۔ایس پی گلشن نے کہا کہ ملزمان نے پیر کے روز ایک ڈاکٹر کی ٹارگٹ کلنگ کرنے کا اہم انکشاف کیا، جس کی سپاری دبئی سے 9 لاکھ روپے میں دی گئی تھی اور وہ 50 ہزار روپے وصول بھی کرچکے تھے۔ظفر چھانگلہ نے بتایاتھا کہ ملزمان کو ابتدائی رقم سہولت کار کے ذریعے ادا کی گئی تھی جبکہ ملزمان نے ہدف کا نشانہ بناتے وقت ویڈیو بھی بنانی تھی اور واردات کے بعد ملزمان نے شہر چھوڑ کر فرار ہو جانا تھا۔