اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )صوبائی تعلیمی اداروں میں یوم علیؓتعطیل کے اعلان کا نوٹیفکیشن جاری ہو گیا ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ میں حضرت علی کرم اللّٰہ وجہہ کے یومِ شہادت پر تمام سرکاری و نجی اسکولوں اور کالجز میں تعطیل ہو گی۔محکمۂ تعلیم سندھ نے
یوم علیؓ کے موقع پر اسکولز میں تعطیل کے اعلان کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق 21 رمضان المبارک بمطابق 12 اپریل بروز بدھ اسکولز بند رہیں گے۔نوٹیفکیشن کا اطلاق سرکاری و نجی اسکولز پر یکساں ہو گا۔دوسری جانب سی پی اوسید خالد محمود ہمدانی کی ہدایت پر راولپنڈی پولیس کی جانب سے یو م شہادت حضرت علیؓ کے حوالے سے موثر سیکورٹی انتظامات کئے گئے جس میں راولپنڈی پولیس کے600سے زائدپولیس افسران جلوس و مجالس کی سیکورٹی ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سٹی پولیس آفیسرسید خالد محمود ہمدانی کی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے19،20 اور 21رمضان المبارک یوم علیؓ کے حوالے سے موثر سیکورٹی انتظامات ، راولپنڈی میں 36مجالس اور11جلوس منعقد کئے جائیں گے ،مجالس کی سیکورٹی کے لیے290کے قریب جبکہ جلوس ہائے کی سیکورٹی کے لیے 326 پولیس افسران وجوان ڈیوٹی کے فرائض سرانجام دیں گے ،جلوس کے روٹ پر واقع گلیوں / راستوں کو بیرئیرز لگاکر سیل کیاجائے گا ،جلوس میں داخل ہونے والے اشخاص کو مکمل باڈی سرچنگ کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی،راولپنڈی پولیس شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت کوشاں ہے ۔