واشنگٹن (نیوزڈیسک)اسامہ بن لادن کو پکڑنے میں دس سال کیوں لگ گئے؟ امریکی نٹیلی جنس نے نیا پنڈورابکس کھول دیا،امریکہ کے دفاعی ادارے ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) مائیکل ٹی فلن نے کہاہے کہ امریکہ کو پاکستان میں مشترکہ انٹیلی جنس آپریشنز کی بجائے مشترکہ فوجی آپریشن کرنے چاہیے تھے۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) مائیکل ٹی فلن 2012 سے 2014 تک ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی یا ڈی آئی اے کے سربراہ تھے اور وہ افغانستان میں ایساف افواج کے ڈائریکٹر آف انٹیلی جنس بھی رہ چکے ہیں۔امریکہ میں گیارہ ستمبر کو ورلڈ ٹریڈ سینٹر پر ہونے والے حملوں کے 14 برس کی تکمیل پر بی بی سی سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ امریکہ کو پاکستان کے ساتھ مل کر پاکستانی سرزمین پر دہشت گردوں کے خلاف فوجی آپریشن کرنے چاہیے تھے اور ایسا نہ کرنا اس جنگ میں اتحادیوں کی ایک بہت بڑی غلطی تھی۔ہمیں ان لوگوں کے پیچھے جانا چاہیے تھا جنہوں نے یہ حملہ کیا اور جہاں سے حملہ کیا اگر یہ لوگ پاکستان میں تھے یا وہاں چلے گئے، جیسا کہ ہم نے دیکھا، تو ہمیں پاکستان پر دباو¿ ڈالنا چاہیے تھا۔انہوںنے کہاکہ یہ جاننے کے فوراً بعد کہ اسامہ بن لادن کو پاکستان میں پناہ گاہ مل گئی ہے، پاکستان میں نہ جانا ایک بہت بڑی سٹریٹیجک غلطی تھی۔ اگر ہم یہ غلطی نہ کرتے تو ہمیں اسامہ بن لادن کو پکڑنے میں دس سال نہ لگتے۔لیفٹیننٹ جنرل (ر) مائیکل ٹی فلن کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے قبائلی علاقوں میں امریکی فوجیوں کی موجودگی نہیں چاہتا تھا کیونکہ اس کا خیال تھا کہ اس سے بہت سے مسائل پیدا ہوں گے۔انھوں نے کہا کہ ’ہمیں چاہیے تھا کہ ہم مل کر درست اہداف پر مرکوز مشترکہ آپریشن کرتے اور پاکستانیوں کو بتاتے کہ یہ آپریشن کسی پاکستانی کے خلاف نہیںہم انہیں کہتے کہ یہ ایک سعودی اور دیگر عربیوں کو پکڑنے کے لیے کیا جا رہا ہے جنہوں نے پاکستان سے ملنے والی مراعات کا غلط استعمال کیا ہے۔انہوںنے کہاکہ ایسا سوچنا غلط تھا کہ ہم افغانستان میں تو گھس جاتے ہیں لیکن پاکستان میں دہشتگردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کو رہنے دیتے ہیں۔ ہمیں پاکستان پر اس کے لیے دباو¿ ڈالنا چاہیے تھا۔تاہم ہم نے عراق اور افغانستان میں جانے کے بیوقوفانہ فیصلے کیے جو ایک بیکار خارجہ پالیسی کا نتیجہ تھے۔مائیکل فلن نے کہا کہ آج پاکستان جو بھی کہے، لیکن اسے شیشے میں یہی نظر آئےگا کہ اس نے دہشتگردوں کی پناہ گاہوں کو پنپنے دیا اور تاریخ بھی یہی کہے گی کہ پاکستان نے انسداد دہشتگردی کے لیے جو کیا، اس سے کہیں زیادہ کر سکتا تھا۔ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے سابق صدر کے مطابق انہوں نے پاکستان فوج کے ساتھ کام کیا ہے اور وہ اسے ایک حیرت انگیز طور پر دلیر فوج سمجھتے ہیں جس نے بہت قربانیاں دی ہیں لیکن اس جنگ کے سیاسی پہلو میں بہت بڑی غلطیاں ہوئیں۔انھوں نے کہا کہ ایسی جنگ خواہ کہیں بھی ہو، عسکری طاقت کا استعمال اس کا محض ایک رخ ہوتا ہے اور دہشتگردی جیسے پیچیدہ مسئلے کے حل کے لیے تو عسکری قوت ایک بہت ہی چھوٹا عنصر ہے۔ہمیں اب بھی سوچنا پڑے گا کہ ہم یہ جنگ کیسے لڑنا چاہتے ہیں۔جنرل فلن کے مطابق دہشتگردی کے خلاف عالمی جنگ سے جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس قدر پیچیدہ صورتحال شاید دنیا نے پچھلے 75 برس میں نہیں دیکھی ان کے مطابق دہشتگرد جس طرح سے آج ٹیکنالوجی کا استعمال کر رہے ہیں اس کی مثال جنگی تاریخ میں کم ہی ملتی ہے۔میں 2004 میں عراق میں تھا اور ہم 30 کے قریب لوگوں سے ایک ہی ویب فارم کے ذریعے نمٹ رہے تھے۔ آج دولت اسلامیہ نامی تنظیم کو 20 ہزار سے زائد ویب سائٹس تک رسائی حاصل ہے جس سے وہ اپنا پیغام دنیا بھر میں پھیلا رہی ہے۔ لہٰذا اب وہ عالمی سطح پر زیادہ رابطے میں بھی ہے اور زیادہ خطرناک بھی۔جنرل فلن کے مطابق میں اس سے دشمن کا تشخص بھی بدل گیا ہے۔ اب ہمارا نشانہ ایک نظریہ ہے۔ میں جانتا ہوں کہ دنیا میں کئی مذاہب اور سیاسی نظاموں میں انتہا پسندی کا عنصر ہے۔ لیکن اسلام کو بھی خود میں جھانکنا ہو گا اور اپنی تصحیح کرنی ہوگی۔انھوں نے کہا کہ میرے خیال میں یہ دنیا بھر کی اسلامی ریاستوں کا ایک سیاسی چیلنج ہے کہ وہ کس طرح سے اپنے اندر کے اس ناقابل یقین حد تک انتہا پسند عنصر کو باہر نکالتے ہیں۔دولت اسلامیہ نامی تنظیم کا حوالہ دیتے ہوئے وہ کہتے ہیں کہ ان کی عراق اور شام میں اپنی کامیابیوں پر گہری نظر ہے اور وہ اس انتظار میں ہے کہ کب امریکہ افغانستان سے نکلے اور وہ وہاں کی صورتحال کو مزید بھڑکا سکیں۔ ’آپ انہیں محض سّنی عرب کہہ کر نہیں ٹال سکتے۔ انہوں نے پورے مذہب کو ہی ایک شدت پسندانہ شکل دے دی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہم اسلام کو اس کے سیاسی نظریے سے علیحدہ نہیں کر سکتے اور یہ بات امریکہ کو پہلے سمجھ نہیں آئی اب یہ ذمہ داری اسلامی ریاستوں کے سیاسی اور مذہبی رہنماو¿ں کی ہے کہ وہ اپنے اندر اعتدال پسندوں اور جدیدیت کے حامی عناصر کی ایک گلوبل سطح پر حوصلہ افزائی کریں۔