اسلام آباد (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کے سیکرٹری جنرل مرتضیٰ جاوید عباسی نے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سابق وزیر سردار مہتاب احمد خان عباسی،سابق گور نر ظفر اقبال جھگڑا، ارباب خضر حیات، فرید مفکر خان اور ایثال خان کو شوکاز نوٹس جاری کر دیئے ہیں۔ ہفتے کو مسلم لیگ (ن)خیبر پختونخوا کے
سیکرٹری جنرل مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے جاری کئے گئے شوکاز نوٹس میں کہا گیا کہ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کرنے، پارٹی فیصلوں کیخلاف بغاوت کرنے، خیبر پختونخوا میں پارٹی کو دو دھڑوں میں تقسیم کرنے کی سازش، پارٹی قیادت کیخلاف پرنٹ و الیکٹرانک میڈیا پر بیانیات دینے اور توہین آمیز تقاریر کرنے پر آپ صاحبان کو مجاز اتھارٹی صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کی جانب سے پارٹی عہدوں پر علیحدہ کیا جاتا ہے اور شوکا زنوٹس جاری کیا جاتا ہے کہ آپ پندرہ یوم کے اندر جواب دیں۔ نوٹس میں کہا گیا کہ پارٹی کی جانب سے آپ کو اہم حکومتی و پارٹی عہدوں سے نوازا گیا لیکن اس کے باوجود آپ نے پارٹی فیصلوں سے بغاوت کرتے ہوئے ڈسپلن کی خلاف ورزی کی ہے لہذا پندرہ یوم کے اندر تحریری طور پر یا بذات خود پیش ہو کر وضاحت کریں کہ کیوں پارٹی قیادت کیخلاف مختلف مقامات پر اجلاس منعقدہ کئے، شر انگیز تقاریراور میڈیا ٹرائل کر کے پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی اور پارٹی خیبر پختونخوا کیخلاف جو سازش کی اس کے جوابات دیں۔ نوٹس میں کہا گیا کہ آپ صاحبان نے مقررہ مدت میں تسلی بخش جواب نہ دیا تو آپ کی پارٹی کی بنیادی رکنیت بھی ختم ہو جائیگی۔ سیکرٹری جنرل خیبر پختون خوا کی جانب سے نوٹس کی کاپی سیکرٹری جنرل مسلم لیگ (ن)اسلام آباد اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن)خیبر پختون خواکو بھی بھجوائی گئی۔