دبئی(این این آئی)متحدہ عرب امارات (یو اے ای)کی ریاست دبئی نے فری لانسنگ کرنے والوں کو بڑی خوشخبری سناتے ہوئے 3 سالہ ویزے کے اجرا کا آغاز کردیا ہے ۔عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق دبئی میں حکام نے فری لانس کام کے لیے ٹیلنٹ پاس لائسنس کا اجرا کیا ۔نیا لائسنس دنیا بھر سے خصوصی مہارت رکھنے والے افراد کے لیے دستیاب ہوگا جبکہ اس کا مقصد میڈیا، تعلیم، ٹیکنالوجی، آرٹ،
مارکیٹنگ اور کنسلٹنسی کے شعبوں میں عالمی ہنر مندوں اور پیشہ ور افراد کو راغب کرنا ہے۔ ٹیلنٹ پاس اپنے ہولڈر کو دبئی ایئرپورٹ فری زون (ڈی اے ایف زیڈ)کی طرف سے فراہم کردہ دفتری جگہ کرائے پر لینے کے علاوہ 3 سال کے لیے رہائشی ویزا حاصل کرنے کا اہل بناتا ہے۔ آفس سلوشنز میں دور سے خدمات حاصل کرنے کے آپشن کے علاوہ موثر سپورٹ اور آپریشن کے لچکدار اخراجات شامل ہیں۔