اسلام آباد (نیوز ڈیسک)پاکستانی کرکٹر عماد وسیم کی سابقہ اہلیہ ثانیہ اشفاق کی جانب سے حالیہ انٹرویو میں کیے گئے دعووں کے بعد کرکٹر کی بہن اور موجودہ اہلیہ نائلہ راجہ نے بھی سوشل میڈیا کے ذریعے اپنا مؤقف سامنے رکھ دیا۔
ثانیہ اشفاق نے گزشتہ کچھ عرصے کے دوران اپنی سابقہ ازدواجی زندگی اور عماد وسیم کے اہل خانہ سے متعلق مختلف باتیں کی ہیں۔ حالیہ گفتگو میں انہوں نے سسرال کی جانب سے مبینہ نامناسب رویے کا الزام عائد کیا جبکہ حمل ضائع ہونے کے حوالے سے بھی سنگین دعوے کیے۔
ثانیہ اشفاق کے بیانات کے بعد عماد وسیم کی بہن نے سوشل میڈیا پر تفصیلی ردعمل دیتے ہوئے ان الزامات کو مسترد کردیا۔ انہوں نے ثانیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ ان کے خاندان کے بارے میں مزید بیانات دینے سے گریز کریں۔
کرکٹر کی بہن نے یہ بھی کہا کہ اگر خاندان کے خلاف الزامات اور بیانات کا سلسلہ جاری رہا تو معاملہ قانونی کارروائی تک لے جایا جاسکتا ہے۔
دوسری جانب عماد وسیم کی موجودہ اہلیہ نائلہ راجہ نے بھی ثانیہ اشفاق کے انٹرویو پر ردعمل دیا اور اپنے بارے میں کیے گئے دعووں کی تردید کردی۔ نائلہ راجہ نے بالخصوص اس بات کو مسترد کیا کہ ان کی اس سے قبل تین شادیاں ہوچکی ہیں۔
دونوں جانب سے بیانات سامنے آنے کے بعد معاملہ مزید شدت اختیار کرگیا، جبکہ ثانیہ اشفاق نے بھی عماد وسیم کی بہن اور نائلہ راجہ کے مؤقف پر جواب دیتے ہوئے اپنے سابقہ دعووں کو برقرار رکھا۔



















































