جوہانسبرگ(آئی این پی) پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز اچانک کھلاڑیوں پر مکھیوں نے حملہ کردیا جس کے باعث میچ روکنا پڑگیا۔تفصیلات کے مطابق جوہانسبرگ ٹیسٹ میں مکھیوں نے سب کو پریشان کر دیا، امپائرز کو مکھیوں کی مداخلت سے میچ کئی بار روکنا پڑا۔پاکستانی فاسٹ بولر حسن علی گیند کرتے کرتے بھنبناہٹ سے رک گئے اور خود پر سے مکھیاں بھگانے لگے جس پر ہاشم آملہ ہنسنے لگے۔پاکستان کے کپتان سرفراز احمد بھی
مکھیاں بھگاتے نظر آئے، یہ صورتِ حال دیکھ کر امپائرز کو کھیل روکنا پڑا، مکھیوں سے نجات کے لیے اسپرے بھی کرنا پڑا۔خیال رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تیسرے جوہانسبرگ ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز پاکستان کی ٹیم 185 رنز پر ڈھیر ہوگئی، کھیل پاکستان کے ہاتھوں سے نکلنے لگا، جنوبی افریقہ کی بھی 5 وکٹیں گر گئیں۔جنوبی افریقی بولنگ لائن کے آگے پاکستانی کرکٹرز کی وکٹیں خزاں رسیدہ پتوں کی طرح گرتی چلی گئیں، آخری پانچ وکٹیں صرف 16 رنز پر گریں۔