لاہور(سپورٹس ڈیسک)قومی ویمنز کرکٹ ٹیم یکم اکتوبر سے 8 اکتوبر تک 4 ٹی ٹوئنٹی اور ایک ون ڈے میچ کھیلنے کیلئے بنگلہ دیش جائے گی، میچز کھلنا میں کھیلے جائیں گے، اس کے بعد ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے کیلیے کوالالمپور روانہ ہو جائیگی جہاں 11 سے 14 اکتوبر تک کیمپ لگایا جائیگا جس کے بعد 18 اکتوبر سے 29 اکتوبر تک 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جائیں گے۔ یہاں کھیلے جانے والے 3 ایک روزہ میچز
آئی سی سی ویمنز کرکٹ چمپئن شپ کا حصہ اور اگلے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائنگ مرحلے کا درجہ رکھتے ہیں ٗاس سیریز کے بعد ٹیم ویمنز ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کیلئے ملائیشیا سے ویسٹ انڈیز روانہ ہو جائیگی۔ میگا ایونٹ سے قبل قومی ٹیم جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیشی ٹیموں کے ساتھ 4 اور 6 نومبر کو وارم اپ میچز بھی کھیلے گی ٗپاکستان کو آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، بھارت اور آئرلینڈ کے ساتھ گروپ بی میں رکھا گیا ٗ گروپ میچز 9 نومبر سے گیانا میں شیڈول ہیں۔