لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) دفاعی چیمپیئن راجر فیڈرر کا ریکارڈ نویں مرتبہ ومبلڈن اوپن مینز سنگلز ٹائٹل جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا اور کوارٹر فائنل میں کیون اینڈرسن نے انہیں اعصاب شکن مقابلے کے بعد شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔ لندن میں جاری سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن کے سلسلے میں بدھ کو کھیلے گئے کوارٹر فائنلز میں جنوبی افریقی کھلاڑی کیون اینڈرسن نے غیرمعمولی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلیم چیمپیئن اور سوئس اسٹار راجر فیڈرر کو شکست دے کر اپ سیٹ کردیا۔
فیڈرر نے ابتدائی دونوں سیٹس 2-6 اور 7-6 سے اپنے نام کیے لیکن اس کے بعد اینڈرسن نےتیسرا سیٹ 7-5 سے جیت کر جاندار کم بیک کیا۔اینڈرسن نے چوتھا سیٹ 6-4 سے جیت کر مقابلہ 2-2 سے برابر کر دیا اور پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں بھی فیڈرر اور اینڈرسن کے درمیان زبردست جنگ ہوئی جس میں اینڈرسن نے فیڈرر کو 13-11 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔ ایک اور کوارٹر فائنل میں سابق عالمی نمبر ایک سربیا کے نوواک جوکووچ نے حریف جاپانی کھلاڑی کائی نشی کوری کو 6-3، 3-6، 6-2 اور 6-2 سے ہرا کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔