لاہور(این این آئی) نوجوان قومی کرکٹر حسین طلعت کا کیریبیئن پریمیئر لیگ سے معاہدہ ہوگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق کیریبیئن پریمیئر لیگ میں حسین طلعت سینٹ لوشیا کی ٹیم کی نمائندگی کریں گے اس حوالے سے نوجوان پاکستانی کرکٹر حسین طلعت نے کہا کہ وہ لیگ میں سینٹ لوشیا کی نمائندگی کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔خیال رہے کہ کیریبیئن پریمیئر لیگ 8 اگست تا 16 ستمبر تک ویسٹ انڈیز میں کھیلی جائے گی۔حسین طلعت پی ایس ایل میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہیں جس نے پی ایس ایل کا پہلا اور تیسرا ایڈیشن اپنے
نام کیا۔پاکستان کیلئے کھیلنے کے سوال پر آل راؤنڈر کا کہنا تھا کہ ہر کرکٹر کی طرح ملک کی بین الاقوامی سطح پر نمائندگی ان کا اولین خواب ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ پی ایس ایل سے قبل ڈومیسٹک ’ٹی 20‘ میں بھی وہ بہترین آل راؤنڈر کا اعزاز حاصل کر چکے ہیں اگر سلیکڑز نے ان پر اعتبار کیا تو وہ مایوس نہیں کریں گے۔حسین طلعت رواں برس اپریل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز میں اپنا ٹی ٹوئنٹی ڈیبیو کرچکے ہیں۔اپنے پہلے ہی میچ میں انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 41 رنز بناکر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا تھا۔