لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی شاندار فتح پر انگلینڈ کے سابق کھلاڑی کیون پیٹرسن کا کہنا ہے کہ میں پاکستان کی عمدہ کارکردگی پر مجھے ذرا بھی حیرانی نہیں ہوئی۔ واضح رہے کہ پاکستان نے انگلینڈ کی ٹیم کو پہلی اننگ میں 184 کے سکور پر آؤٹ کر دیا اور اس کے جواب میں پہلی اننگ میں 363 رنز بنائے، جواب میں انگلینڈ کی ٹیم اپنی دوسری اننگ میں 242 رنز پر آؤٹ ہو گئی جس پر پاکستان کو صرف 64 رنز کا ہدف ملا جو کہ پاکستان کے
کھلاڑیوں نے ایک وقت کے نقصان پر با آسانی حاصل کر لیا۔ لارڈز ٹیسٹ میں پاکستان کی فتح پر دنیائے کرکٹ حیران ہے لیکن انگلینڈ کے سابق مایہ ناز کھلاڑی کیون پیٹرسن کا کہناہے کہ مجھے کوئی حیرت نہیں ہوئی ہے، کیون پیٹرسن نے ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں لکھا کہ لارڈز میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی پر بالکل بھی حیران نہیں ہوں، میں پی ایس ایل کے تین ایڈیشنز میں سرفراز احمد کی کپتانی میں کھیلا ہوں اور اس میں جیتنے کی جبلت ہے، مکی آرتھر بھی بہت ہوشیار ہے۔