کراچی (آئی این پی ) قومی کرکٹ ٹیم کے اہم بلے باز بابر اعظم کی انجری کے معاملے میں پی سی بی کے فزیو کلف ڈکن کی پیشہ ورانہ نا اہلی سامنے آ گئی ،چیئرمین پی سی بی کی ہدایت کے باوجود بابر اعظم کا ایکسرے نہ کروایا ۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق جس وقت بابر اعظم کے ہاتھ پر گیند لگی اس وقت چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی پریس بکس میں پاکستانی صحافیوں کے ساتھ بیٹھے تھے۔ٹی وی اسکرین پر یہ سارا منظر دیکھنے والے چیئرمین نے وہاں موجود قومی ٹیم کے منیجر طلعت علی ملک کو
کہا کہ فورا بابر اعظم کو ایکسرے کے لیے ہسپتال بھیجا جائے۔طلعت علی ملک نے اسسٹنٹ منیجر عون زیدی کو ڈریسنگ روم کی جانب دوڑا دیا جو تھوڑی دیر بعد فزیو کلف ڈکن کا یہ پیغام لے کر آئے کہ بابر اعظم کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں اور نہ ہی ایکسرے کی کوئی ضرورت ہے۔چیئرمین پی سی بی نے عون زیدی کا جواب سننے کے بعد منیجر سے کہا کہ آپ خود دیکھیں سارے معاملے کو کم ازکم ایکسرے تو بنتا ہے۔شام کو اظہر علی نے پریس کانفرنس میں سب اچھا کی رپورٹ دے دی۔