لاہور (آئی این پی) کرکٹر حسن رضانے کہا ہے کہ ویڈیو کے ذریعے مجھے پھنسانے کی کوشش کی گئی ہے، بھارت کے لوگ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، میں اگر متحدہ عرب امارات کی ٹیم کیلئے بھی کھیلتا تو یہ میرا ایک ورلڈ ریکارڈ ہوتا تاکہ میں 2ملکوں کی ٹیموں کی جانب سے کھیل چکا ہوں ، میں پہلے بھی
میچ فکسنگ سے متعلق (آئی سی سی) کو آگاہ کرچکا ہوں، جس دن ویڈیو بنی تو میں وہاں سے اٹھ گیا کیونکہ مجھے شک ہوا کہ وہاں پر میچ فکسنگ ہورہی ہے۔ اتوار کو کرکٹر حسن رضا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کچھ انڈین کافی عرصے سے میرے پیچھے پڑے ہوئے ہیں، جس دن ویڈیو بنی اس دن جب ان لوگوں کی آپس میں باتیں شروع ہوئیں تو میں وہاں سے اٹھ گیا، کیونکہ مجھے شک ہوا تھا کہ وہاں پر میچ فکسنگ ہورہی ہے، یہ پرانی ویڈیو ہے ، مجھے پھنسانے کی کوشش کی گئی ہے، میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ کو اس بارے میں کچھ نہیں بتایا تھا، میرا پاکستان میں کرکٹ میں نام ہے اس لئے میرانام اس ویڈیو میں استعمال کیا گیا، بھارت کے لوگ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں، بھارت کے لوگ دبئی میں کرکٹ میں بہت زیادہ شامل ہوتے ہیں، اگر میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم کیلئے کھیلتا تو یہ میرا ایک ورلڈ ریکارڈ ہوتا کہ میں دو ملکوں کی ٹیموں کی جانب سے کھیل چکا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں (پی سی بی) کے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل نہیں ہوں ۔