لندن (مانیٹرنگ ڈیسک) باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ کے گرد شکنجہ کس دیا ہے اور میچ جیتنے کیلئے صرف 4 وکٹیں درکار ہیں۔کرکٹ کے گھر لارڈز میں کھیلے جارہے 2 میچوں سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان ٹیم کھیل کے تیسرے روز 363 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔تیسرے روز جب کھیل کا آغاز ہوا تو پاکستان نے 350 رنز 8 کھلاڑی آؤٹ پر شروع کی تو محمد عامر اور محمد عباس گزشتہ روز کے اسکور میں صرف 13 رنز کا اضافہ کر پائے۔
پاکستانی بلے باز بابر اعظم کلائی میں انجری کی وجہ سے دوبارہ بیٹنگ کرنے نہیں آئے، اسی وجہ سے محمد عباس کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کی اننگز تمام ہوئی اور پاکستان نے پہلی اننگز میں 179 رنز کی برتری حاصل کی۔179 رنز کے خسارے سے دوچار انگلینڈ کی اننگز کا آغاز تباہ کن ثابت ہوا اور صرف ایک کے اسکور پر گزشتہ اننگز میں 70 رنز بنانے والے ایلسٹر کک محمد عباس کو وکٹ دے بیٹھے۔کپتان جو روٹ اور مارک اسٹون مین نے اسکور کو 31 تک پہنچایا ہی تھا کہ شاداب خان نے انگلش اوپنر کو میدان بدر کر کے پاکستان کو دوسری کامیابی دلائی۔اس موقع پر روٹ کا ساتھ دینے ڈیوڈ ملان آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے 60 رنز کی شراکت قائم کر کے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرنے کی کوشش کی لیکن اس سے قبل کہ یہ شراکت مزید طوالت اختیار کرتی، محمد عامر نے اپنے ایک ہی اوور میں پہلے 12 رنز بنانے والے ملان اور پھر ایک ہی گیند بعد جونی بیئراسٹو کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا۔بین اسٹوکس نے آتے ہی جارحانہ انداز اپنانے کی کوشش کی اور 2 چوکے لگائے لیکن انہیں جلد ہی جارحیت بھاری پڑ گئی اور شاداب خان کی گیند پر وہ فخر زمان کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔انگلینڈ کو بڑا دھچکا اس وقت لگا جب 110 کے مجموعی اسکور پر عباس کی گیند پر انگلش کپتان 68رنز بنانے کے بعد ایل بی ڈبلیو قرار پائے۔تیسرے دن کے اختتام پر انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر 235رنز بنائے ہیں جبکہ اسے 56رنز کی لیڈ حاصل ہوچکی ہے، بٹلر66اوراپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے ڈی ایم بیس 55رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔