کراچی (آن لائن) سابق قومی ریکارڈ ساز بیٹسمین یونس خان نے نوجوان اور باصلاحیت پاکستانی کھلاڑی بابراعظم کو اپنا جانشین قرار دے دیا۔ گزشتہ روز ایک گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ قومی کرکٹ ٹیم میں ان کے جانے کے بعد جو خلاء4 پیدا ہوا ہے بابراعظم اسے پر کرنے کی بھرپور اہلیت رکھتے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں کامیاب ترین پاکستانی بلے باز یونس خان کا کہنا تھا کہ بابر اعظم میں وہ صلاحیت نظر آتی ہے جو مستقبل میں انہیں سپر اسٹار بیٹسمین کا درجہ دلائے گی۔یونس خان کا کہنا تھا کہ
بابر اعظم جیسا اسٹائلش بیٹسمین ہی اگلا یونس خان بن سکتا ہے کیونکہ اس میں بے پناہ اہلیت بھی ہے جبکہ وہ اگر اپنی فٹنس کا خیال رکھیں اور اسی طرح کامیابی کے ساتھ کھیلتے رہیں تو پاکستان کیلئے مستقبل میں مزید اچھا پرفارم کریں گے۔ یاد رہے کہ 23سالہ بابر اعظم اب تک 12ٹیسٹ میچز میں 24.91کی اوسط سے 548رنز سکور کرچکے ہیں جس میں 5نصف سنچریاں بھی شامل ہیں۔یونس خان نے انگلینڈ کیخلاف دو میچوں کی سیریز کو پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے انہتائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر کچھ کھلاڑی خود کو ثابت کرتے ہیں تو یہ پاکستان کرکٹ کے مستقبل کیلئے خوش آئند بات ہو گی۔یونس خان کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کیخلاف دو میچوں کی سیریز میں گرین شرٹس دباؤ کو برداشت کرلیں گے کیونکہ وہ ایسی کنڈیشنز کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں اور اچھا کھیل رہے ہیں لہٰذا امید ہے کہ ان کی جانب سے مثبت پرفارمنس سامنے آئے گی۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انگلش ٹیم کیخلاف انہیں اظہرعلی سے امید ہے کہ وہ اچھا کھیلیں گے جبکہ اسد شفیق بھی اپنی کارکردگی کو بہتر کر سکتے ہیں اور چونکہ سرفراز احمد ایک بہترین لیڈر ہیں لہٰذا تینوں مل کر ممکنہ دباؤکا سامنا کرنے کے قابل ہو جائیں گے۔۔()