شارجہ (سی پی پی )رائیونڈ خودکش بم دھماکے کے بعد پاکستان سپر لیگ کھیلنے والے غیر ملکی کرکٹرز تشویش میں مبتلا ہوگئے ہیں تاہم پی سی بی نے انہیں پاکستان لانے کے لئے کوششیں تیز کردیں۔ آئی سی سی اور فیکا سے منظور شدہ غیر ملکی سیکیورٹی کمپنی کے سربراہ رگ ڈگسن دبئی پہنچ رہے ہیں اور اس موقع پر پی سی بی کی جانب سے ایک میٹنگ کا انتظام کیا گیا ہے۔میٹنگ میں غیر ملکیوں کو پاکستان کے حالات اور لاہور و کراچی میں سیکیورٹی انتظامات پر خصوصی بریفنگ دی جائے گی۔
بند کمرے میں ہونے والی اس ملاقات میں کوشش کی جائے گی کہ غیر ملکی کھلاڑی بڑی تعداد میں لاہور اور کراچی کے لئے سفر کرسکیں جب کہ پاکستان کرکٹ سے وابستہ کچھ بڑے نام بھی غیر ملکیوں کے اعتماد میں اضافے کے لئے ان سے الگ الگ ملاقاتیں کریں گے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے رگ ڈگسن کی غیر ملکی کرکٹرز سے ملاقات کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ میری اطلاعات کے مطابق دو غیر ملکیوں کے علاوہ تمام غیر ملکی پاکستان آئیں گے اور میڈیا اس موقع پر قیاس آرائیوں سے گریز کرے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ غیر ملکیوں کو رگ ڈگسن پاکستانی حالات اور انتظامات کے بارے میں بتائیں گے کیوں کہ وہ دو بار کراچی بھی آچکے ہیں۔