شارجہ (این این آئی)گزشتہ برس پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے لاہور کا دورہ کرنے والی پشاور زلمی کی ٹیم کے اہم رکن کرس جارڈن نے کہاہے کہ پاکستان میں کرکٹ کا زبردست جنون پایا جاتا ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے بتایا کہ اگلے مرحلے میں جانے کیلئے ہم ایک جیت کی دوری پر ہیں۔پی ایس ایل کا دیگر لیگز کے ساتھ موازنے کے حوالے سے کرس جارڈن نے کہاکہ یہ لیگ بھی دوسری بین الاقوامی لیگز کی طرح اچھی ہے جس میں اعلیٰ پائے کے بین الاقوامی اور مقامی کھلاڑی شامل ہیں۔
کرس جارڈن نے کہا کہ پی ایس ایل ایک بہترین معیار کی لیگ ہے جس میں سخت مقابلے ہور ہے ہیں ٗ صرف 6 ٹیمیں ہیں جس میں سے اوپر کی 4 ٹیموں کو آگے جانا ہے۔پشاور زلمی کے فاسٹ بولر نے بتایا کہ ٹی ٹوئنٹی میں کوئی بھی دن کسی بھی کھلاڑی کا ہو سکتا ہے اور کوئی بھی ٹیم دوسری ٹیم سے مضبوط نہیں ہوتی، یہی چیز میچ کو دلچسپ بناتی ہے۔انہوںنے کہا کہ امید ہے کہ پی ایس ایل میں مزید بہتری آئے گی اور ہمیں مزید اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔پاکستان جانے سے متعلق سوال پر کرس جارڈن نے کہا کہ پاکستان ضرور جاؤں گا، گزشتہ برس بھی لاہور کا دورہ بہت شاندار رہا تھااور تماشائیوں نے میچ کی پہلی سے آخری بال تک بھرپور ساتھ دیا تھا۔کرس جارڈن نے کہا کہ اگر ہماری ٹیم اگلے مرحلے میں گئی تو پاکستان ضرور جاؤں گا اور پاکستان میں کرکٹ کے لیے جو جوش ہے وہ بہت ہی زبردست ہے۔انہوں نے بتایا کہ پہلی مرتبہ تو مجھے اندازہ ہی نہیں تھا کہ پاکستان میں ہر کوئی کرکٹ کے لیے اتنا زبردست جذبہ رکھتا ہو گا ’’ویلڈن پاکستانی فینز، ویلڈن لاہور فینز اور ویلڈن کراچی فینز‘‘۔غیر ملکی کرکٹرز کو پاکستان جانے پر مائل کرنے کے سوال پر کرس جارڈن نے کہاکہ پاکستان جانے کا فیصلہ ہر کرکٹر کا اپنا ذاتی فیصلہ ہے کیونکہ آپ نہیں جانتے کہ کس کے گھر کے حالات کس طرح کے ہیں۔کرس جارڈن نے کہا کہ جہاں تک میرا تعلق ہے تو میرا آخری دورہ پاکستان بہت شاندار رہا تھا، لاہور کے کلچر کو میں کبھی نہیں بھلا سکتا۔