لاہور(آئی این پی)پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کیلئے کوشاں آئی سی سی ٹاسک فورس کے سربراہ جائلز کلارک نے امریکی وارننگ مسترد کرتے ہوئے لاہورمیں اپنی شیڈول مصروفیات جاری رکھیں اور جائلز کلارک کی بیگم نے لاہور کی بھرپور سیر کرنے کے علاوہ واہگہ بارڈر بھی گئیں ۔
واضح رہے کہ انگلینڈاینڈویلزبورڈکے سابق اور آئی سی سی ٹاسک فورس کے موجودہ سربراہ جائلز کلارک ان دنوں پاکستان کے دورے پر ہیں جہاں وہ پی سی بی حکام سمیت اعلی حکومتی عہدیداروں سے مل رہے ہیں۔ان کے دورہ پاکستان کے موقع پر امریکہ نے لاہورمیں دہشتگردی کے خطرے کا شوشہ چھوڑکر اپنے شہریوں کو محتاط رہنے اورضرورت سے زیادہ باہر نہ نکلنے کی ہدایت جاری کی تھی۔امریکہ کی اس وارننگ سے دنیامیں پاکستان میں سیکورٹی حالات کے حوالے سے اچھا تاثر نہیں گیا لیکن اس کے باوجود انگلینڈکے شہری جائلز کلارک نے ایسی وارننگ کو مسترد کرتے ہوئے اپنی مصروفیات جاری رکھیں،ان کی بیگم نے لاہور کی بھرپور سیر کرنے کے علاوہ واہگہ بارڈر بھی گئیں۔پی سی بی نے جائلز کلارک سے درخواست کی ہے کہ وہ فیکا حکام کو پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے قائل کریں تاکہ وہ یہاں کے حالات کے بارے میں کوئی رائے دینے سے قبل مفروضوں کے بجائے حقیقت کودیکھیں۔جائلز کلارک نے ایسا کرنے کیلئے پی سی بی کو یقین دہانی کرائی ہے۔واضح رہے کہ فیکا نے پاکستان میں سیکورٹی حالات بہتر نہ ہونے کے سبب غیرملکی کھلاڑیوں کو پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں نہ کھیلنے کی ہدایت جاری کررکھی ہے۔