اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)آئی سی سی کے عہدیدار جائلز کلارک کا کہنا ہےکہ لاہور بہت خوبصورت شہر ہے، یہاں آمد پر خوشی ہوئی۔آئی سی سی ٹاسک فورس برائے پاکستان کے سربراہ جائلز کلارک 2 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے،وہ کرکٹ کے حوالے سے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گے اور پاکستانی حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
جائلز کلارک لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائر پورٹ پہنچے تو چیئرمین پی سی بی شہر یار خان اور چیف آپریٹنگ آفیسر سبحان احمد نے ان کا استقبال کیا۔اپنے دورے میں جائلز کلارک کو چیف سیکریٹری اور پولیس حکام سیکیورٹی کے حوالےسے مکمل بریفنگ دیں گے،وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں پی سی بی کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملیں گے۔جائلز کلارک کا دورہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے اہمیت کا حامل ہے، وہ انٹرنیشنل الیون کو پاکستان میں لانے کیلئےتگ و دو کررہے ہیں، دورے کے بعد وہ آئی سی سی حکام کو اپنے دورے اور پی سی بی کی مالی معاونت کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔دریں اثناؤ لاہور میں وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے جائلز کلارک نے ملاقات کی اور پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سے متعلق بات چیت کی۔جائلزکلارک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے کوشش جاری رکھوں گا،توقع ہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی سےمتعلق مثبت پیش رفت ہوگی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیےآپ کی کاوشوں کی قدر کرتے ہیں،پاکستان میں غیرملکی کھلاڑیوں کو ہرطرح کی سیکیورٹی دیں گے۔