لاہور( این این آئی )سری لنکن کرکٹ بورڈ نے چار ملکی سیریز کے لئے پاکستان ، بھارت اور جنوبی افریقہ کو مدعو کرلیا ہے جس کے بعد سال 2018ء میں پاکستان اور بھارت مد مقابل آنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے ۔سری لنکن کرکٹ بورڈ اپنے ملک کی آزادی کے موقع پر اگلے سال فروری میں چار ملکی ٹورنامنٹ کے انعقاد کا خواہشمند ہے جس کے لیے اس نے پاکستان، بھارت اور جنوبی افریقہ کو مدعو کرلیا ہے
تاہم ابھی تک کسی بھی بورڈ کی جانب سے کوئی جواب سامنے نہیں آیا تاہم آئندہ ماہ آئی سی سی میٹنگ کی سائیڈ لائن پر ٹورنامنٹ پر بات چیت کا امکان ہے۔واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت آخری مرتبہ ورلڈ ٹی ٹونٹی 2016ء میں مد مقابل تھے اب امید کی جارہی ہے کہ آئندہ سال دونوں ٹیمیں ایک بار پھر پنجہ آزمائی کرسکتی ہیں ۔سری لنکن بورڈ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام معاملات طے ہونے پر وینیوز اور تاریخوں کا اعلان کیا جائے گا۔