اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کی باؤلنگ کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ نے اظہر محمود کو قومی ٹیم کا باؤلنگ کوچ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ جس کے بعد اظہر محمود کو باقاعدہ طور پر ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کے مایہ ناز باؤلر اور آل راؤنڈر کھلاڑی اظہر محمود کو پی سی بی کی کوچ فائنڈنگ کمیٹی نے بطور باؤلنگ کوچ فائنل کر لیا ہے ۔ جس کے بعد ان کا نام چیئر مین پی سی بی کو ارسال کر دیا گیا ہے ۔د وسری جانب اظہر محمود کی جانب سے اس سلسلے میں اوکے سگنل آ چکا ہے ۔ واضح رہے کہ اظہر محمود اس سے قبل دورہ انگلینڈ اور ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے دوران پاکستان کرکٹ ٹیم کے ساتھ بطور باؤلنگ کوچ اسائنمنٹ کے طور پر کام کر چکے ہیں جس کے بعد ان کی کارکردگی سے متاثر ہو کر انہیں باقاعدہ طور پر قومی ٹیم کا باؤلنگ کوچ مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں ان کی تنخواہ اور مدت ملازمت کے متعلق حتمی فیصلہ چیئرمین کرکٹ بورڈ شہریار خان کریں گے ۔ جس کے بعد آئندہ ہفتے سے اظہر علی کی باقاعدہ تقرری کا اعلان پی سی بی کی جانب سے متوقع ہے ۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت ویسٹ انڈیز کے خلاف کرکٹ سیریز میں مصروف ہے اور اظہر محمود تقرری کے بعد فوری طور پر ٹیم کو جوائن کر لیں گے جس سے پاکستانی ٹیم کو تقویت ملے گی ۔