اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)آسٹریلیا کے لیجنڈری لیگ سپنر شین وارن نے سعید انور کو اپنے دور کا بہترین پاکستانی بلے باز قرار دیا ہے۔پاکستان اورانگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے چوتھے روزکمنٹری بکس میں تبصرہ کرتے ہوئے سابق عظیم لیگ سپنر سے جب ان کے دور کے تمام ٹیسٹ کھیلنے والی ٹیموں کے ان بہترین بلے بازوں کے بارے میں پوچھا گیا جن کا سامنا ٹیسٹ میچ میں شین وارن سے ہوا تھا تو جواب میں وارن نے پاکستانی بلے بازوں میں سابق اوپننگ بیٹسمین سعید انورکا انتخاب کیا۔وارن اور سعید انور 6 ٹیسٹ میچوں میں آمنے سامنے آئے جس میں سعید انور نے 56.33کی اوسط سے رنز بنائے جس میں 5 نصف سنچریاں اورایک سنچری شامل ہے۔سعید انور کا شمار دنیائے کرکٹ کے بہترین اوپننگ بلے بازوں میں ہوتا ہے ،انہوں نے اپنے کیریئر میں بے شمارریکارڈز بنائے جس میں بھارت کے خلاف 1997 میں چنائی میں کھیلے گئے ون ڈے میں ان کی 194 رنز کی اننگز خاص طور پر قابل ذکر ہے جسے 13 سال سب سے بڑی انفرادی اننگز کا اعزاز حاصل رہا،سعید انور کے پاس پاکستان کیلئے سب سے زیادہ 20 ون ڈے سنچریاں بنانے کا بھی اعزاز ہے۔