جمیکا (نیوزڈیسک)ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ نے رواں سال اگست میں زمبابوے کی میزبانی میں تین ملکی کرکٹ سیریز میں شرکت کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد پاکستان کی 2017 میں کھیلی جانے والی چیمئنز ٹرافی میں شرکت کا ایک اور دروازہ کھل گیا ہے چیمپئنز ٹرافی میں آئی سی سی کی عالمی رینکنگ میں پہلی آٹھ ٹیمیں شرکت کی اہل ہوں گی اور اس کی ڈیڈلائن رواں سال 30 ستمبر کی گئی ہے۔پاکستان کی چیمپئنز ٹرافی میں شرکت غیریقینی ہے کیونکہ اس کی عالمی کرکٹ رینکنگ میں اس وقت نویں پوزیشن ہے اور اسے ڈیڈ لائن سے قبل سری لنکا کے خلاف پانچ ایک روزہ میچوں کی سیریز بھی کھیلنی ہے۔ویسٹ انڈیز کی تصدیق کے بعد پاکستان اس سہ ملکی ایونٹ میں کامیابی کے ساتھ آٹھویں نمبر پر پہنچ سکتا ہے تاہم ابھی پاکستان کرکٹ بورڈ اور زمبابوے کی جانب سے اس سیریز کے شیڈول کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔