مظفر آباد (این این آئی)آزاد کشمیر میں پی ڈی ایم اور تحریک انصاف فارورڈ بلاک کی حکومت بنتے ساتھ ہی اختلاف کا شکار ہوگئی،وزارتوں کی تقسیم کے معاملے پر پی ڈی ایم اور فارورڈ بلاک میں شدید اختلافات سامنے آگئے،پی ڈی ایم نے اسپیکر کے انتخاب کو وزارتوں کی تقسیم سے مشروط کرلیا۔
ذرائع کے مطابق فارورڈ بلاک کو صرف 5 وزارتیں دینے پر ارکان کو تحفظات ہیں،منحرف ارکان نے وزارتیں نہ ملنے پر حکومتی اتحاد سے بغاوت کرلی۔ ذرائع کے مطابق ڈپٹی اسپیکر ریاض گجر اور سابق وزیر فہیم ربانی نے واپس تحریک انصاف سے رجوع کرلیا،سابق وزیر ملک ظفر بھی تحریک انصاف کی قیادت کیساتھ رابطے میں آگئے۔ ذرائع کے مطابق فارورڈ بلاک کو 5، پیپلزپارٹی کو 7، ن لیگ جو 3 وزارتیں دینے کا فیصلہ ہوا۔
ذرائع کے مطابق سابق وزرا اکمل سرگالہ، میراکبر اور دیوان چغتائی کو وزارتیں دینے پر حکمران اتحاد تقسیم کا شکار ہے۔ پی ڈی ایم ذرائع کے مطابق پہلے پیپلز پارٹی امیدوار کو سپیکر منتخب کروائیں پھر وزارتیں لیں۔سیکرٹری جنرل راجہ منصورنے کہاکہ منحرف ممبران تحریک انصاف میں واپسی کے لیے رابطے کررہے ہیں، منحرف ممبران کو اپنے حلقوں میں شدید مزاحمت کا سامنا ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈپٹی اسپیکر ریاض گجر، فہیم ربانی اور ملک ظفر نے عمران خان کے نظریے کے ساتھ کھڑے ہونے کا فیصلہ کرلیا۔