کراچی(این این آئی)ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری پارکو کو 5روز کیلئے بندکردیاگیاہے، ریفائنری کی بندش سے قومی خزانے کو ڈیڑھ سے 2 ارب کا نقصان ہوگا۔تفصیلات کے مطابق ملک کی سب سے بڑی آئل ریفائنری پارکو کو5روز کیلئے بند کر دیا گیا، پارکوآئل ریفائنری کی بندش کی وجوہات ڈیزل کی ڈیمانڈ نہ ہوناہے۔
ذرائع نے بتایا کہ ایک ہفتے کے دوران ایران سے غیرقانونی طور پر ڈیزل اسمگل ہوکرملکی منڈی میں آیا، ایران سے ایک لاکھ20ہزارمیٹرک ٹن ڈیزل ملکی منڈی میں آیا۔ذرائع کے مطابق سیکریٹری پیٹرولیم نے ایران سے ڈیزل اسمگلنگ کی اطلاع کے باوجود کوئی اقدام نہیں اٹھایا، سیکریٹری پیٹرولیم پارکو بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں۔پارکو آئل ریفائنری کی پرودکشن یومیہ ایک لاکھ 20 ہزار بیرل ہے اور مارکیٹ میں اسمگل شدہ ڈیزل آنے سے پارکوآئل ریفائنری کے ڈیزل کی فروخت متاثر ہوئی، جس کے بعد پارکو کی اسٹوریج کیپسٹی مکمل ہوچکی ہے اور مجبورا ریفائنری کی پروڈکشن بندکرناپڑی۔پارکوآئل ریفائنری5روزبندرکھنے سے قومی خزانے کوڈیڑھ سے2ارب نقصان ہوگا اور سیکریٹری پٹرولیم کے جانب سے کارروائی نہ ہونے سے پٹرول کابحران جنم لے سکتاہے۔ذرائع نے بتایاکہ پارکو آئل ریفائنری کی بندش کی وجہ حقائق کے برعکس مین ٹینس بیان کی جارہی ہے، ریفائنری کامین ٹینس شٹ ڈائون ہر 3سال بعدکیاجاتا ہے جبکہ ریفائنری کی مین ٹینس کوصرف ڈیڑھ سال کاعرصہ گزرا ہے۔پارکو کمپنی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ریفائنری میں پیداواری عمل 5 روز کے لیے روک دیا گیا ہے جو پہلے سے طے شدہ مرمتی کام کا حصہ ہے۔ ریفائنری میں پیداواری سرگرمیاں 11 اپریل کو بحال کی جائیں گی۔ بندش کے دوران ڈیزل اور پیٹرول کی سپلائی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔