لاہور ( این این آئی)یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور کا سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ ملکی معاشی سرگرمیوں پر مثبت اثر چھوڑنے کیلئے تحقیق پر مبنی اقدامات اٹھا رہا ہے۔ اسی سلسلے میں ڈیپارٹمنٹ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں اپنی سرگرمیوں کا آغاز کیا ۔
انجینئرنگ کنڑویور پرائیویٹ لمیٹڈ نے سرگرمیوں کو تیز تر کرنے کیلئیڈیپارٹمنٹ کیساتھ تعاون کیا ۔ ڈاکٹر اظہر سلیم ، ڈاکٹر محمد شاہد اور ڈاکٹر مظہر سلیم پر مشتمل تحقیقاتی ٹیم نے تونسہ شہر میں تباہ شدہ گھروں کی نشاندہی کی ۔ ٹیم نے تباہ شدہ گھروں میں استعمال ہونے والے تعمیراتی میٹریل کا جائزہ لیا ۔ جس کے بعد روایتی اینٹوں سے ہٹ کر انٹر لاکنگ بلاک استعمال کئے ۔ یہ بلاک مخصوص شکل کے ہوتے ہیں ، یہ بلاک سختی سے ایک دوسرے کیساتھ جڑ جاتے ہیں ، کنسٹریکشن کے دوران ان میں کم مسالحہ استعمال ہوتا ہے۔ نئے بلاک زلزلے، آندھی ، سیلاب ، گرمی اور شور سے بھی مزاحمت کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں ۔ انٹر لاکنگ بلاکس ماحول دوست اور کم خرچ بالا نشین ہیں۔ ان بلاکس کو کم لاگت کے مکانات، اسکولوں، فیلڈ ہسپتالوں اور یہاں تک کہ چھوٹے پلوں کی تعمیر کے لیے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ انٹر لاکنگ بلاکس کو بغیر کسی مشین کے سائٹ پر تیار کیا جا سکتا ہے۔ انٹر لاکنگ بلاکس کا استعمال تعمیراتی وقت اور لاگت کو کم کرتا ہے، جس سے وہ تعمیراتی مواد کے پائیدار استعمال کے لیے ترقی پذیر ممالک کے لیے ایک ترجیحی انتخاب بن جاتے ہیں۔