لاہور ( این این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی محمد فاروق اعظم ملک ، سابق ایم پی اے چوہدری محمد احسان الحق،سابق ایم پی اے صاحبزدہ محمد غنی عباسی،سابق صوبائی وزیر سمیع اللہ چودھری ،سابق ایم پی اے ڈاکٹر محمد افضل اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے۔
پی ٹی آئی رہنما محمد فاروق اعظم ملک کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ترقیاتی منصوبوں میں گھپلوں کے الزام میں اینٹی کرپشن نے طلب کیا ہے۔اینٹی کرپشن نے محمد فاروق اعظم ملک کو یکم اپریل صبح گیارہ بجے ریکارڈ کے ہمراہ میں طلب کیا ۔سابق ایم این اے تحریک انصاف محمد فارق اعظم ملک یکم اپریل کو اینٹی کرپشن کی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کے سامنے بیان ریکارڈ کرائیں گے۔اینٹی کرپشن پنجاب نے چوہدری احسان الحق سابق ایم پی اے تحریک انصاف کو ضلع کونسل کے ترقیاتی منصوبوں میں غیرقانونی ٹھیکے دینے اور رشوت کے الزام میں طلب کر لیا۔اینٹی کرپشن پنجاب کی تفتیشی ٹیم نے چوہدری احسان الحق کو بھی یکم اپریل صبح گیارہ بجے طلب کر لیا۔اینٹی کرپشن نے صاحبزادہ محمد غنی عباسی سابق ایم پی اے تحریک انصاف کو ضلع کونسل کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے من پسند افراد کو دینے اور بھاری رشوت وصول کرنے کے الزام میں طلب کیا ہے۔اینٹی کرپشن پنجاب کی تفتیشی ٹیم نے سابق ایم پی اے صاحبزادہ محمد غنی عباسی کو 31 مارچ دن بارہ بجے طلب کر لیا ہے۔اینٹی کرپشن پنجاب نے سابق صوبائی وزیر تحریک انصاف سمیع اللہ چوہدری کو پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ترقیاتی منصوبوں میں گھپلوں کے الزام میں طلب کیا ہے۔سابق صوبائی وزیر سمیع اللہ چودہری نے پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ترقیاتی منصوبوں کے ٹھیکے من پسند افراد کو دے کر بھاری کمیشن وصول کیا۔سابق ایم پی اے تحریک انصاف ڈاکٹر محمد افضل کو بھی پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے ترقیاتی منصوبوں میں کرپشن کے الزام میں طلب کیا گیا ہے۔اینٹی کرپشن پنجاب کی تفتیشی ٹیم نے سابق ایم پی اے ڈاکٹر محمد افضل کو 31 مارچ صبح گیارہ بجے طلب کیا ہے۔ڈاکٹر محمد افضل 31مارچ کو اینٹی کرپشن ٹیم کو اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔