اسلام آباد (این این آئی)ترجمان اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا ہے کہ اسلام آباد کیپٹل پولیس عدالتوں کے احکامات کی بجا آوری کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھاتی ہے۔اپنے بیان میں ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہاکہ اسلام آباد پولیس پر لگائے جانے والے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔
انہوں نے کہاکہ پولیس نے عدالتی احکامات پر عمل کیا لیکن دوسری جانب سے مجرمانہ عمل دھرائے گئے ،الزامات محض تفتیش پر اثرانداز ہونے کی کوشش ہے۔انہوںنے کہاکہ بے بنیاد الزامات اور پراپیگنڈہ پولیس کو اپنے قانونی اقدامات سے نہیں روک سکتا۔انہوںنے کہاکہ اسلام آباد پولیس قانون کی عملداری اور عدالتوں سے تعاون کے فرائض سر انجام دیتی رہے گی۔انہوںنے کہاکہ پولیس کا بنیادی فرض عوام کی جان و مال کی حفاظت ہے جو کہ پولیس بخوبی ادا کرتی رہے گی۔انہوںنے کہاکہ قانون سے کوئی بالاتر نہیں۔کسی سے بھی امتیازی سلوک نہیں کیا جائے گا۔انہوںنے کہاکہ اسلام آباد پولیس کو منصوبہ بندی کے تحت افواہوں اور الزامات کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی اسلام آباد پولیس مذمت کرتی ہے۔ترجمان نے کہاکہ اسلام آباد کیپیٹل پولیس بیک وقت دہشتگردی ، امن عامہ کے قیام اور جرائم کی سرکوبی کے لیے مصروف عمل ہے۔ ترجمان نے کہاکہ عوام سے گزارش ہے کہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔کسی بھی ایمرجنسی میں پکار 15 پر کال کریں۔