برلن (این این آئی )جرمنی نے ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرین کو جرمنی میں عارضی رہائش اختیار کرنے کیلئے ویزوں کی فراہمی کی پیشکش کر دی ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن وزیر داخلہ نینسی فیزر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ
ہم چاہتے ہیں کہ جرمنی میں آباد ترک اور شامی خاندانوں کو اجازت دی جائے کہ وہ ترکیہ اور شام کے زلزلہ متاثرہ علاقوں سے اپنے قریبی رشتہ داروں کو بلانہ چاہیں تو اپنے پاس بلا سکیں۔انہوں نے بتایا کہ یہ کام روایتی ویزا کے طریقہ کار کے تحت ہی کیا جائے گا لیکن ویزا جاری کرنے کا عمل آسان بنایا جائے گا اور یہ ویزا تین مہینوں کیلئے کارآمد ہوگا۔نینسی فیزر کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ ہماری جانب سے زلزلہ متاثر لوگوں کیلئے ایمرجنسی امدادکی سوچ کے تحت کیا گیا ہے۔جرمنی کی جانب سے یہ فیصلہ ترکیہ اور شام میں 6 فروری کو آنے والے زلزلے سے لاکھوں لوگوں کے بے گھر ہونے اور اموات کی تعداد 29 ہزار سے تجاوز کرنے کے بعد کیا گیا ہے۔