کراچی (این این آئی) پی ٹی آئی رہنما حلیم عاد ل شیخ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس سب کچھ گروی رکھ دیا، تاجر سڑکوں پر ہیں، فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں، بھاڑ میں گیا تمہارا ایسا پاکستان۔سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ
سندھ اسمبلی کے اجلاس پر لاکھوں روپے خرچ ہوتے ہیں، لیکن رزلٹ صفر ہے۔ جب سے ان غلاموں کی حکومت ہے؛ عوام پر ایک آفت آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آٹا جو 50 روپے کلو تھا، وہ 150 روپے کا ہوگیا ہے۔ آپ تو نعرہ لگاتے تھے ویلکم ٹو پرانا پاکستان۔ بھاڑ میں گیا تمہارا ایسا پاکستان۔ مرغی 700 روپے کلو مل رہی ہے۔ جو ایک کلو مرغی خریدتا تھا اب ایک پا لیتا ہے۔ بجلی پر 7 روپے فی یونٹ بڑھائے گئے۔ دودھ 210 روپے لیٹر ہوگیا ہے۔انہوںنے کہا کہ ایک دفعہ اس قوم کو زہر دے دیں۔ یہ لوگ پوری دنیا میں دورے کر رہے ہیں۔ 85 رکنی کابینہ بنائی ہوئی ہے۔ انہوں نے آئی ایم ایف کے پاس سب کچھ گروی رکھ دیا ہے۔ اب 35 روپے مزید ڈیزل مہنگا ہوگا۔حلیم عادل شیخ نے کہا کہ تاجر سڑکوں پر ہیں، فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں۔ دوائیاں بھی بننا بند ہوچکی ہیں۔ تاجروں نے بتایا آئرن اینڈ انڈسٹریز 90 فیصد بند ہوگئیں۔ جوتے بنانے کی فیکٹریاں بھی کام نہیں کر رہی ہیں۔ مقامی کھلونے بنانے کی فیکٹریاں میں بھی مکمل کام بند ہوگیا ہے۔